بنگلورو،18؍اپریل(ایس او نیوز)کرناٹک میں کورنا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے جمعہ کے روز ماہر ڈاکٹروں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کا اہتمام کیا۔
اس میٹنگ کے دوران آنے والے دنوں میں کورونا وائر س سے نپٹنے کے لئے چند ضروری اقدامات کے بارے میں فیصلہ لیا گیا۔ یہ طے کیا گیا کہ کورونا وائر س کو شروع سے ہی روکنے کے لئے تدابیر اپنائی جائیں۔ اس کے لئے کرناٹک بھر میں جو حکمت عملی اپنانی ہے اسے قطعیت دینے کے بارے میں وزیر اعلیٰ کی طرف سے افسروں کو واضح ہدایت دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے اس میٹنگ میں یہ ہدایت دی کہ علاج کو موثر بنانے کے لئے کیا طریقہ کار اپنایا جاتا ہے اس سلسلہ میں ماہر ڈاکٹروں کی رائے کے مطابق کام کیا جائے۔
میٹنگ میں ماہرین نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ متاثرین میں علامتوں کا ظاہر ہونا وائرس کے حملے کے چار دن بعد شروع ہو گا۔ اس لئے عوام کو یہ ہدایت دی جائے کہ بخار، کھانسی، سردی وغیرہ کی صورت میں فوراً اپنی جانچ کروالیں۔
کورونا وائرس سے متاثر ہو کر جو مریض آئی سی یو میں ہیں ان کے لئے ماہرین نے چند مخصوص ٹیسٹ تجویز کئے ہیں۔ان ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ جن لوگوں کو بخار ہو اور ان کا درجہ حرارت 100ایف ایف سے زیادہ ہو تو وہ فوری طور پر اپنا کوویڈ ٹیسٹ کروالیں۔
ہر ضلع میں دو اور ہر میڈیکل کالج میں ایک ٹیسٹنگ سینٹر قائم کیا جائے۔ اپریل کے اختتام تک ریاست میں مزید 10ٹیسٹنگ لیابس کا قیام کیا جانا چاہئے۔ماہرین نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ جن کمپنیوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے وہاں داخلہ پر ہی تھرمل اسکیانر لگانے کا انتظام کرنا لازمی قرار دیا جائے۔
لاک ڈاؤن ختم کے سبب جب پندیاں لگ گئی ہیں ان میں اگر نرمی برتی جاتی ہے تو یہ خدشہ ہے کہ کورونا وائرس کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس سے نپٹنے کے لئے حکومت کی طرف سے تیاری کی جانی چاہئے۔